مہر نیوز کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی کسٹم ایڈمنسٹریشن کے صدر محمد رضوانی فر اور ترکمانستان کی اسٹیٹ کسٹم سروس کے چیئرمین مکسات خدائیکولیف کے درمیان تہران میں ہونے والی ملاقات کے دوران فریقین نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر تاکید کی۔
ایرانی کسٹم ایڈمنسٹریشن کے سربراہ نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلوں کے حجم میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکمانستان نے گزشتہ سال 1.4 ملین ٹن مصنوعات کا تبادلہ کیا جس کی مالیت 450 ملین ڈالر تھی۔
رضوانی فر نے نشاندہی کی کہ مشترکہ ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم کو بڑھانے میں موثر کردار ادا کریں گی۔
ترکمانستان کی اسٹیٹ کسٹمز سروس کے چیئرمین نے حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلوں کی ترقی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی حجم تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
خدائیکولیف نے تجربات کے تبادلے اور دونوں ملکوں کے کسٹمز کے درمیان تعلیمی و تربیتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا جس کا ایران کے کسٹم کے سربراہ نے خیرمقدم کیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں میں بڑی صلاحیتیں ہیں اور ترکمانستان کسٹمز آفس سارخ بارڈر کراسنگ پر چوبیس گھنٹے کسٹم خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان ماہرین کی سطح کے اجلاس آئندہ ماہ کے اندر منعقد کیے جانے پر اتفاق کیا۔
آپ کا تبصرہ